ٹی20 ورلڈکپ نیوزی لینڈ کی یوگنڈا کو 9 وکٹوں سے شکست

یوگنڈا کی پوری ٹیم صرف 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 4 بلے باز کوئی رن اسکور نہ کرسکے


ویب ڈیسک June 15, 2024
یوگنڈا کی پوری ٹیم صرف 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 4 بلے باز کوئی رن اسکور نہ کرسکے۔ فوٹو: گیٹی امیجز



ٹی20 ورلڈکپ میں آج دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے یوگنڈا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔


ٹاروبا کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ کے 32 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے یوگنڈا کا 40 رنز کا ہدف چھٹے اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر فن ایلن 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تاہم ڈیون کونوے اور راچن رویندرا کی شراکت داری نے آسان ہدف چھٹے اوور میں حاصل کرلیا، دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 22 اور ایک رنز اسکور کیے جب کہ یوگنڈا کی جانب سے ریاضت علی شاہ اوپنر فن ایلن کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔


قبل ازیں نیوزی لینڈ نے یوگنڈا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ یوگنڈا کی پوری ٹیم صرف 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 4 بلے باز کوئی رن اسکور نہ کرسکے۔ اوپنر رونک پٹیل نے 2، کینیتھ وائیسوا 11، ریاضت علی شاہ 2، دنیش نکرانی 4، فریڈ ایشلم 9 اور کوسمس کیووٹا 1 بنا کر پویلین لوٹے جب کہ بیٹر سیمون سیسازی، روبنسن اوبویا، الپیش رامجانی اور جوما میاگی کھاتہ نہ کھول سکے اور کپتان برائن مسابا 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے بہترین بالنگ کی اور چار اوورز میں صرف 4 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے، اسی طرح ٹرینٹ بولٹ نے بھی صرف 7 رنز کے عوض 2 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسپنر مچل سینٹنر 2، راچن رویندرا 2 اور لوکی فرگوسن نے 1 وکٹ اپنے نام کیں۔

واضح رہے کہ گروپ سی سے افغانستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔




تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں