وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق سندھ کو بھی پاکستان سمجھے اور یہی سمجھ کر سندھ کو ترقیاتی اسکیمیں دینی چاہییں۔
سندھ اسمبلی میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے بجٹ کا کل حجم 3.056 ٹریلین روپے ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ اسکیموں کو پورا کریں۔ ہم اگلے سال گروتھ پر جائیں گے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس سال یہ کام نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 60 ارب روپے ہم نے ترقیاتی بجٹ کے لیے رکھے ہیں۔ ترقیاتی پروگرامز میں 956 ارب روپے ہیں۔ نگراں حکومت نے منتخب حکومت کی ترقیاتی اسکیمز بند کردیں، وفاقی حکومت نے بھی ہماری اسکیمز ختم کردیں ، وفاق کو سندھ کو بھی پاکستان سمجھ کر ترقیاتی اسکیمز دینی چاہییں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارا ترقیاتی بجٹ دیگر صوبوں سے زیادہ ہے، ہم نہ پہلی بار حکومت کر رہے ہیں نہ آخری بار ۔ ہم طویل مدت کے پروگرام لاتے ہیں۔