شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جلد مکمل کرناچاہتے ہیں عبدالقادر بلوچ

متاثرین کو فی خاندان 12 ہزار روپے دیے جارہے ہیں ہم پیٹ کاٹ کر بھی ان کی ضروریات پوری کریں گے،وفاقی وزیر سیفران


ویب ڈیسک June 24, 2014
وزیراعظم بہت جلد بنوں کا دورہ کرکے آئی ڈی پیز سے ملاقات کریں گے۔عبدالقادربلوچ،فوٹو:فائل

وفاقی وزیر برائے ریاستی امور عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں جبکہ آپریشن سے متاثرہ افراد کی حکومت کے ساتھ دیگر عالمی تنظیمیں بھی مدد کررہی ہیں ہم پیٹ کاٹ کر بھی متاثرین کی ضروریات پوری کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرعبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کو فی خاندان 12 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں اور انہیں مکان کے کرائے کے لئے بھی فی خاندان 3 ہزار روپے دیئے جائیں گے،متاثرین کو کیمپوں میں بجلی ،پانی اور علاج کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ ان کو ضرورت کے مطابق راشن بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے 50 کروڑ روپے آئی ڈی پیز کو دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ سرکاری ملازمین، وزرا اور(ن)لیگ کے ارکان پارلیمنٹ بھی ایک دن کی تنخواہ آئی ڈی پیز کو دیں گے۔

عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے متاثرین کے لئے ڈیڑھ ارب روپے جاری کیے اور ہمارے برادر ملک متحدہ عرب امارات نے بھی 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر فراہم کیے جب کہ دیگر عالمی امدادی تنظیمیں بھی متاثرین کی مدد کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نےآئی ڈی پیز کےلیےاسپتال اورانہیں راشن کی فراہمی کے لئے کئی پوائنٹس قائم کیے ہیں ہم پیٹ کاٹ کر بھی متاثرین کی ضروریات پوری کریں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں جبکہ وزیراعظم بھی بہت جلد بنوں کا دورہ کرکے آئی ڈی پیز سے ملاقات کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں