عراق میں متحدہ حکومت کا قیام ہی باغیوں سے نجات کا واحد راستہ ہے جان کیری

رواں ماہ لڑائی میں ا ب تک ایک ہزار 70 سے زائد افراد ہلاک اور 658 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، اقوام متحدہ

عراق میں فوجی کارروائی بھی ممکن ہے تاہم موجودہ صورتحال کا سیاسی طریقے سے حل نکالا جائے۔ جان کیری۔ فوٹو:اے ایف پی

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ عراق کے مسائل کا حل فوجی نہیں بلکہ خطے کا اتحاد اور متحدہ عراقی حکومت ہی باغیوں سے نجات کا واحد راستہ ہے۔

کرد رہنما سے ملاقات کے بعد برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ عراق میں ایسی متحدہ حکومت تشکیل دی جائے جس میں ان علاقوں کے لوگوں کو بھی شامل کیا جائے جو داعش کے کنٹرول میں آچکے ہیں، خطے کے ہر ملک کو متحد ہو کر داعش سے نجات کی کوششیں کرنی چاہئے کیونکہ کہ ایسی کوئی تنظیم قابل قبول نہیں جو حکومت کی رٹ کو چیلنج کرے اور علاقوں پر قبضہ کرنا شروع کردے۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق میں فوجی کارروائی بھی ممکن ہے تاہم موجودہ صورتحال کا سیاسی طریقے سے حل نکالا جائے اور اس سوچ سے کرد رہنماوں نے بھی اتفاق کیا ہے۔


دوسری جانب عراق کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے جدہ میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز اور برطانوی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے عراق کی صورتحال کا سیاسی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔

دوسری جانب داعش اور عراقی فوجیوں کے درمیان شمالی عراق میں لڑائی جاری ہے،ملک کی سب سے بری آئل ریفائنری پر قبضہ کے لئے دونوں جانب سے بھر پور طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے،جون کے آغاز سے جاری لڑائی میں داعش نے موصل سمیت 5 صوبوں پر قبضہ کر لیا ہے، اس کے علاوہ شام سے ملحقہ 3 اہم چوکیاں بھی ان کے قبضے میں آچکی ہیں جبکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کےادارے کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ سے جاری اس لڑائی میں ا ب تک ایک ہزار 70 سے زائد افراد ہلاک اور 658 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
Load Next Story