شکست خوردہ اسپین کی ٹیم کا طیارہ وطن واپسی پر آسمانی بجلی کی زد میں آگیا
دفاعی چمییئن اسپین ورلڈ کپ میں گئی تو بڑی امیدوں اور توقعات کے ساتھ بلکہ فٹبال کے ماہرین تو اسے آخری 4 ٹیموں میں دیکھ رہے تھے لیکن ساری امیدوں پر پانی اس وقت پھر گیا جب پہلے ہی میچ میں ہالینڈ نے ہسپانوی ٹیم کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا تاہم یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ رہی سہی کسر چلی نے پوری کردی۔ چلی نے اسپین کو جب 0-2 سے شکست دی تو اسپین کے شائقین پر سکتہ طاری ہوگیا۔ آخری گروپ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف فتح نے کس قدر شکست کے زخم مندمل تو کردیئے لیکن اب واپسی کا سفر تو مقدر بن گیا۔
اتنی مایوسی اور غمگین چہروں کے ساتھ ہسپانوں ٹیم نے وطن واپسی کا سفر شروع کیا تو یہ اداسی اس وقت خوف میں بدل گئی جب ٹیم کا طیارہ میڈرڈ میں لینڈ کرنے سے صرف چند سیکنڈ قبل آسمانی بجلی کی زد میں آگیا۔ ایئر پورٹ ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آسمانی بجلی گرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوا، بہرحال اسپین کے فٹبال کے سفر کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ جیسا آغاز ویسا اختتام۔