لاہورایئرپورٹ کے اطراف عید کے ایام میں دفعہ144 نافذ کرنے کی درخواست

عید کے دوران جانورں کی باقیات کی وجہ سے پرندوں کی بڑھتی تعداد جہازوں سے ٹکرا کرخطرے کا باعث بن سکتی ہے، خط

فوٹو: فائل

لاہورایئرپورٹ انتظامیہ نےعیدالاضحیٰ کے دوران دفعہ144 نافذ کرنے کی درخواست کردی۔

عیدالاضحیٰ پر صفائی کو یقینی بنانے کے حوالے سے لاہور ایئرپورٹ انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ آس پاس کی رہائشی کالونیوں اور سوسائٹیوں میں گھرا ہوا ہے، یہ آبادیاں ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کے اکٹھے ہونے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران لاہور ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو جاتا ہے، پرندوں کی تعداد میں یہ اضافہ قربانی کی باقیات کھلے آسمان تلے چھوڑے جانے سے ہوتا ہے۔


خط کے مطابق عید کے دوران پرندوں کی یہ بڑھتی تعداد لینڈنگ اور ٹیک آف کرتے جہازوں سے ٹکرا کرخطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ جہازوں کو پرندوں سے لاحق اِسی خطرے کے باعث صفائی کے حوالے سے دفعہ 144 کےنفاذ کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں کبوتر و پتنگ بازی، ڈرونز، لیزر لائیٹ کے استعمال کے حوالے سے بھی عیدالاضحیٰ کے دوران دفعہ144 لگانے کی درخواست کی گئی ہے۔

 
Load Next Story