بارش کی دخل اندازی آئی سی سی پر تنقید کے تیر برس پڑے

جس اسٹیڈیم میں کورز ہی نہ ہوں وہاں پر میچز نہیں ہونے چاہئیں، گاوسکر، چوپڑا

(فوٹو: ویب ڈیسک ایکسپریس)

ورلڈکپ میچز میں بارش کی دخل اندازی پر بھارتی کرکٹرز آئی سی سی پر برس پڑے، سنیل گاوسکر کہتے ہیں کہ ایسے اسٹیڈیمز پر میچز رکھنے ہی نہیں چاہیئیں جہاں کورز ہی نہ ہوں، آکاش چوپڑا کہتے ہیں کہ جب میچ کھیلے ہی نہیں جائیں گے تو کھیل کا عالمی فروغ کیسے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق فلوریڈا میں بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے اہم میچز منعقد نہیں ہوسکے، جس کی وجہ سے آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس میں جمعے کو آئرلینڈ اور امریکا کا میچ بھی شامل تھا، اگر یہ میچ کھیلا جاتا اور آئرش ٹیم امریکا کو ہرا دیتی تو پاکستان کے آگے بڑھنے کی امیدیں برقرار رہتیں، میچ سے بہت پہلے ہی فلوریڈا میں طوفانی بارشیں شروع ہوگئی تھیں، جس سے یہاں پر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے میچز متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا تھا۔


بھارت اور کینیڈا کے درمیان ہفتے کے میچ میں بھی ایک گیند تک نہیں ہوسکی تھی، دونوں ہی دن موسم صاف تھا مگر فیلڈ اتنی گیلی تھی کہ اس پر میچ کھیلنا کھلاڑیوں کی انجری کا باعث بن سکتا تھا۔ بھارت کے سابق کپتان سنیل گاوسکر کہتے ہیں کہ آئی سی سی کو ایسے گراؤنڈز پر میچزرکھنے ہی نہیں چاہئیں جہاں پر پورے گراؤنڈ کو ڈھانپنے کیلیے کور موجود نہ ہوں، صرف پچ کو ڈھانپ کر باقی حصوں کو کھلا نہیں چھوڑسکتے۔

ایک اور سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا کا کہنا تھا کہ بارش اور خراب موسم کی وجہ سے ایک اور میچ ممکن نہیں ہوسکا، بھارت اور کینیڈا کے میچ میں بھی ایک گیند تک نہیں کی جاسکی، آئرلینڈ اور امریکا کے میچ میں بھی ایسا ہی ہوا تھا، بغیر میچز کے انعقاد کے آپ کبھی بھی کھیل کو عالمی سطح پر فروغ نہیں دے سکتے۔
Load Next Story