سیکرٹری داخلہ پنجاب قیدی بچوں سے ملنے جیل پہنچ گئے مل کر کھانا کھایا

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ملاقاتیوں کو سہولیات فراہمی کی ہدایت کی اور عید کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا


ویب ڈیسک June 17, 2024
نور الامین مینگل نے کیمپ جیل میں قیدی بچوں سے عید ملی اور انکے ساتھ کھانا کھایا (فوٹو: اسکرین گریب)

سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل قیدی بچوں سے عید ملنے جیل پہنچ گئے جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق قیدیوں سے کیمپ جیل میں ملاقات اور عید سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل عید الاضحیٰ پر فیلڈ میں متحرک ہیں، اس موقع پر انہوں نے کیمپ جیل میں قیدی بچوں سے عید ملی اور ان کے ساتھ کھانا کھایا۔


نور الامین مینگل نے جیل میں قید بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملاقاتی جگہ پر قیدیوں اور ان کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور ملاقاتی ایریا کو مزید بہتر بنانے اور قیدیوں کے اہل خانہ کو سہولیات دینے کی ہدایت کی۔


آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر اور سپرنٹنڈنٹ جیل بھی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ تھے۔


سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے سینٹرل کنٹرول روم محکمہ داخلہ اور ڈی سی آفس کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور صوبہ بھر سے آنے والی اسپیشل رپورٹس کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں پنجاب بھر میں نماز عید کی پر امن ادائیگی کی رپورٹس دکھائی گئیں اور اس سلسلے میں سکیورٹی اور صفائی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں