نیوزی لینڈ نے پاپوا نیوگنی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

پاپوا نیو گنی نے 78 رنز بنائے تھے جبکہ نیوزی لینڈ نے 13 ویں اوور میں 79 رنز بنا کر میچ جیت لیا


ویب ڈیسک June 17, 2024
(فوٹو: فائل)

نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بولرز کے سامنے غیرمعروف پاپوانیوگنی کی ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم آخری اوور میں صرف 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد کیوی تیم نے ہدف 13 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اسٹیڈیم میں بارش کے باعث آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا 39 ویں میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا اور نیوزی لینڈ نے پاپوا نیو گنی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پاپوا نیو گنی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹم ساؤتھی نے نیوزی لینڈ کو اننگز کے دوسرے اوور میں ہی پاپوانیوگنی کے اوپنر ٹونی اورا کو صرف ایک رن پر آؤٹ کرکے وکٹیں گرانے کا سلسلہ شروع کیا۔

کپتان اساد ولا نے 16 گیندوں کا سامنا کرکے صرف 6 رنز بنائے اور لوکی فرگوسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

چارلس امینی نے سب سے زیادہ 17 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 41 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد سیسی بائیو بھی آؤٹ ہوئے جنہوں نے 12 رنز بنائے تھے۔

پاپوا نیوگنی کے لیے 14 رنز بنانے والے نورمین وانوا دوسرے سرفہرست بیٹر رہے اور دیگر بیٹرز مختصر اسکور پر آؤٹ ہوئے اور آخری اوور کی چوتھی گیند پر پوری ٹیم 78 رنز بنا کر ڈھیر ہوئی۔

کیوی بولرز نے ناتجربہ کار ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائی، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی اور اش سودھی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لوگی فرگوسن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں اپنے نام کیے۔

نیوزی لینڈ نے ایک آسان ہدف ناقص آغاز کے باوجود 13 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اوپنر فن ایلن دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے، رچن رویندرا 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ڈیوون کونوے نے 32 گیندوں پر 35 رنز بنائے لیکن 54 کے مختصر مجموعے پر پاپوا نیو گنی کے بولر کامیا کی وکٹ بنے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے بالترتیب 18 اور 19 رنز بنا کر ٹیم کو 13 ویں میں 79 رنز بنا کر فتح سے ہمکنار کیا لیکن ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر پہلے ہی ختم ہوچکا ہے۔

پاپوا نیو گنی کے کابوا موریا نے سب سے زیادہ دو وکٹیں حاصل کی اور ایک وکٹ سیمو کامیا کو ملی۔

لوکی فرگوسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے گروپ سی کی دونوں ٹیمیں ایونٹ کے پہلے مرحلے سے باہر ہوگئیں ہیں۔

اسکواڈ:

پاپوا نیو گنی: اسد والا (کپتان)، ٹونی اُرا، چارلس امینی، سیسی باؤ، ہِری ہِری، کِپلن ڈوریگا، چیڈ سوپر، نورمن وینوا، ایلی ناؤ، کابوا موریا، سیمو کیمیا۔

نیوزی لینڈ: فِن ایلن، ڈیوون کونوے، کین ولیمسن (کپتان)، رچن ورندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، اِش سودھی، مچل سینٹنر، ٹِم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں