اندرون گھر کے بجائے قدرتی ماحول میں ورزش زیادہ فائدہ مند

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2024
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

ٹیکساس: ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ قدرتی ماحول میں ورزش کرنا گھر کے اندر ورزش کرنے سے زیادہ فائدہ مند ہوسکتا ہے۔

امریکن جرنل آف لائف اسٹائل میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق امریکی محققین نے اپنے حالیہ مطالعے میں گھر سے باہر قدرتی ماحول میں ورزش کے زیادہ فوائد دریافت کیے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ قدرتی علاقوں تک رسائی وسیع پیمانے پر مختلف ہوسکتی ہے کیونکہ ہر ایک کو باہر ورزش کرنے کا موقع نہیں ملتا۔

سرکردہ محقق اور ٹیکساس میں اے اینڈ ایم یونیورسٹی سینٹر فار ہیلتھ اینڈ نیچر کے ڈائریکٹر جے میڈوک نے کہا کہ یہ تحقیق واضح کرتی ہے کہ قدرتی ماحول جسمانی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک مؤثر مقام ثابت ہوسکتا ہے۔ لوگوں کی طبعیت عام طور پر پارکوں اور باغات وغیرہ میں زیادہ لطف اندوز ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ماحول میں ورزش دل کی بیماری، ذیابیطس، بعض کینسر اور ہڈیوں کی بیماری جیسے دائمی مسائل کی روک تھام میں معاون ثابت ہوسکتی ہے جبکہ یہ مدافعتی نظام کو مزید تقویت، موڈ کو بہتر، درد کے احساس کو کم کرنے اور عمر میں اضافے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔