حارث رؤف کے ساتھ مداح کی بدتمیزی پر محسن نقوی کا ردعمل سامنے آگیا

ویب ڈیسک  منگل 18 جون 2024
فوٹو: ایکسپریس ویب

فوٹو: ایکسپریس ویب

  کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے ساتھ امریکا میں پیش آنے والے واقعے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ردعمل سامنے آگیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ حارث رؤف کے ساتھ جو خوفناک واقعہ پیش آیا اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے واقعات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں جنہیں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ’تیرے باپ نے یہ تربیت کی ہے‘ : حارث رؤف کی پرستار سے جھگڑے کی ویڈیو وائرل

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ اس واقعہ میں ملوث شخص فوری طور پر حارث روف سے معافی مانگے بصورت دیگر اسکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

mohsin naqvi tweet

یاد رہے کہ فلوریڈا میں فاسٹ بولر حارث رؤف کی ایک مداح سے الجھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس موقع پر حارث کی اہلیہ بھی انکے ساتھ موجود تھیں۔

اطلاعات کے مطابق فین نے حارث رؤف سے سیلفی کی درخواست کی تھی اور تنقید بھی کی تھی جس پر حارث رؤف غصے میں آئے، موقع پر موجود افراد نے حارث روف اور جھگڑا کرنے والے شخص کے درمیان بیچ بچاؤ  کرایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔