کھجور کی قیمت میں کمی کے باوجود دکاندار مہنگی فروخت کرنے لگے

ایرانی کھجورکی قیمت میں10روزکے دوران1000روپے فی من کمی آچکی،عراقی کھجور240 روپے کلو فروخت ہونے لگی

رمضان المبارک کی تیاریوں کے سلسلے میں شہری بازار میں کھجور کی مختلف اقسام کی قیمت پر دکاندار سے بحث میں مصروف ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی

KARACHI:
کھجور کا وافر ذخیرہ موجود ہونے کی وجہ سے رواں سال تھوک مارکیٹ میں کھجور کی قیمت میں کمی کا رجحان ہے۔

ایرانی کھجور کی قیمت میں 10روز کے دوران 1000روپے فی من تک کمی واقع ہوچکی،تھوک سطح پر قیمت میں نمایاں کمی کے رجحان کے باوجود خوردہ سطح پر کھجور مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہے، رمضان کے لیے کھجور کی تجارتی سطح پر خریداری شعبان کے آغاز سے شروع کردی جاتی ہے،درآمدی کھجورکی ملک بھر میں ترسیل کی جاتی ہے،مقامی کھجور کے کولڈ اسٹوریج میں رکھے ذخیرے کو مارکیٹ میں لایا جاتا ہے،گزشتہ کئی سال سے کھجور کی مقامی فصل رمضان کے بعد مارکیٹ میں آتی ہے، اس فصل کو کولڈ اسٹوریج میں محفوظ رکھا جاتا ہے۔


سال بھر کولڈ اسٹوریج میں محفوظ رکھنے کا اضافی خرچ بھی صارف سے ہی وصول کیا جاتا ہے، اس سال ایرانی کھجور 9300روپے فی من قیمت پر فروخت ہوئی، 8200 روپے فی من پر فروخت ہورہی ہے،گھریلو سطح پر رمضان کے لیے کھجور کی 80 فیصد خریداری شعبان کے آخری دنوں میں کرلی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ یکم رمضان کے بعد سے کھجور کی تھوک قیمت مسلسل گراوٹ کا شکار رہتی ہے۔

کھجور کے تاجر محمد فاروق نے بتایا کہ سکھر کی پچھلے سیزن کی کھجور اس سال 7600روپے فی من فروخت کی گئی جو اب کم ہوکر 6400روپے فی من کی سطح پر آگئی، بلوچستان کی پنجگورکھجور تھوک سطح پر 2800 روپے فی من فروخت کی جارہی ہے، اس سال عراقی بصرہ کھجور 240سے 270روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے،200 گرام کھجور کے پیکٹ تھوک سطح پر 34سے 35 روپے فی پیکٹ جبکہ خوردہ سطح پر 40 روپے فی پیکٹ قیمت میں فروخت ہورہی ہے۔

ٹھیلو پر پاکستانی کھجور 180سے 200روپے جبکہ ایرانی کھجور250سے 300 روپے فی کلو پر فروخت کی جارہی ہے،مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال کھجور کی مارکیٹ مندی کا شکار ہے، تھوک فروش شہر کے مختلف بازاروں میں جاکر مال فروخت کررہے ہیں ،گزشتہ سال کھجورکی رسد زیادہ اور طلب کم ہونے کی وجہ سے کھجورکے تھوک اور خوردہ تاجروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اس سال کھجور کے بیوپاری محتاط ہیں اور محدود پیمانے پر کاروبار کیا جارہا ہے۔
Load Next Story