یورو کپ 2024 میں فرانس کی ٹیم کو اپنے ابتدائی میچ میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب ٹیم کے کپتان اور فارورڈ کائلیان ایمباپے اپنی ناک تڑوا بیٹھے۔
آسٹریا کے خلاف جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں ہونے والے میچ میں 25 سالہ کائلیان ایمباپے کا چہرہ ہیڈ شاٹ لگانے کی کوشش میں حریف کھلاڑی کے کندھے سے ٹکرا گیا۔
ناک کی ہڈی ٹوٹنے سے کائلیان ایمباپے کی ناک سے خون بہنا شروع ہو گیا تھا۔
فارورڈ کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی ڈسلڈورف اسپتال لے جایا گیا، فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ایمباپے ٹھیک ہیں اور وہ ٹیم کے بیس کیمپ میں واپس آ گئے ہیں۔
فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فی الحال سرجری کی ضرورت نہیں ہے، لیکن آنے والے دنوں میں ان کا علاج کیا جائے گا۔
ایف ایف ایف ایمباپے کی ناک کی حفاظت کے لیے خصوصی ماسک بنوانے کا سوچ رہی ہے تاہم ابھی یہ معلوم نہیں کہ وہ جمعے کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے یا نہیں۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرانسیسی فٹ بال ٹیم کے کوچ ڈیڈیئر ڈیشومپس نے کہا کہ آج کا دن کپتان کے لیے اچھا نہیں تھا اور ان کی ناک بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
یورو کپ 2024 میں کائلیان ایمباپے فرانس کی امیدوں کا محور ہیں، ٹیم کے اس اہم کھلاڑی نے فرانس کے لیے 80 میچوں میں 47 گولز اسکور کیے ہیں۔
آسٹریا کے خلاف ہونے والے واحد گول کو اسسٹ کرنے میں ایمباپے کا ہاتھ تھا، میکس ووبر نے انہیں کے کراس پر بال کو نیٹ تک پہنچایا تھا۔