خانہ کعبہ کا نیا غلاف ’کسوہ‘ تیار، تبدیلی یکم محرم کو ہو گی

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2024
(فوٹ: عرب نیوز)

(فوٹ: عرب نیوز)

ریاض: سعودی عرب میں خانہ کعبہ کا نیا غلاف ’کسوہ‘ تیار کر لیا گیا ہے جو یکم محرم الحرام کو پروقار تقریب میں خانہ کعبہ کی زینت بنایا جائے گا۔

’کسوہ‘ دراصل عربی زبان کا لفظ ہے، خانہ کعبہ کی دیواروں اور باب کعبہ کو جس کپڑے سے ڈھانپا جاتا ہے اسے ’کسوہ‘ یعنی غلاف کعبہ کہا جاتا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے خانہ کعبہ کا نیا غلاف، خانہ کعبہ کے خصوصی محافظ کے حوالے کیا۔

اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ اور خانہ کعبہ کے نائب چیف محافظ عبدالمک بن طحہ الشیبی نےغلاف کعبہ کی حوالگی کی دستاویز پر دستخط کیے۔

غلاف کعبہ کئی دہائیوں سے ہر سال ذوالحجہ کے مہینے میں تبدیل کیا جاتا ہے، غلاف کعبہ کی تیاری میں سیکڑوں کلو گرام ریشم، چاندی اور سنہری دھاگوں سے تیار کیا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔