سوناکشی سنہا کی شادی کی تقریبات کا آغاز، مایوں کی تاریخ سامنے آگئی

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2024
سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال 23 جون کو شادی کررہے ہیں : فوٹو : فائل

سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال 23 جون کو شادی کررہے ہیں : فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا اور اُن کے دیرینہ دوست ظہیر اقبال کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہونے والا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی مایوں کی تقریب 20 جون کو اداکارہ کے نئے گھر میں منعقد ہوگی جوکہ ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع ہے، تقریب میں اس جوڑے کے چند قریبی دوست اور خاندان کے لوگ شرکت کریں گے جن کی کُل تعداد تقریباََ 50 ہوگی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سوناکشی سنہا نے اپنے والدین کا گھر چھوڑنے کے بعد اپنا نیا خریدا ہے اور وہ اسی گھر میں اپنی شادی کی تقریبات کا انعقاد کرنا چاہتی تھیں۔

سوناکشی نے اپنی مایوں کی تقریب کے لیے روایتی پیلے رنگ کی سجاوٹ اور ملبوسات سے گریز کرتے ہوئے کسی خاص تھیم کا انتخاب کیا ہے جبکہ وہ شادی کے بعد اپنے دوستوں کے لیے شاندار استقبالیہ بھی رکھیں گی۔

مزید پڑھیں: ہنی سنگھ نے بھی سوناکشی اور ظہیر کی شادی کی تصدیق کردی

اس سے قبل سوناکشی نے انسٹاگرام پر اپنی بیچلورٹی پارٹی کی تصاویر شیئر کی تھیں جن میں اُن کے ہمراہ اداکارہ ہما قریشی اور ظہیر کی بہن صنم بھی موجود تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے بھارتی میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش ہیں کہ سوناکشی سنہا اور اُن کے دیرینہ دوست و اداکار ظہیر اقبال رواں ماہ 23 جون کو شادی کررہے ہیں۔

اس جوڑے کی شادی کا آڈیو دعوت نامہ بھی لیک ہوگیا ہے جس میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کو اپنے خاندان والوں اور دوستوں کو شادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے۔

دعوت نامے کے مطابق سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریب 23 جون کو ممبئی میں رات 8 بجے منعقد ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔