کراچی؛ سمندر میں نہاتے ہوئے نوجوان ڈوب گیا، پابندی کی خلاف ورزی پر 9 افراد گرفتار

  کراچی: کمشنرکراچی کی جانب سےعائد پابندی کے باوجود شہریوں کی جانب سےسمندرمیں نہانے کاسلسلہ جاری ہے۔

عیدالاضحیٰ کے تیسرے روزباکس بے پرسمندرمیں نہاتے ہوئے ایک نوجوان ڈوب کر لاپتہ ہو گیا جس کی تلاش کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کاراورلائف گارڈز کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سمندر میں نہاتے ہوئے4 افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے 3 کو بروقت ریسکیو کرلیا گیا،سمندرمیں نہانے پرعائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جانب ایکشن لیا جا رہا ہے ، ماڑی پور پولیس نے سمندرمیں نہانے والے 9 افراد کوگرفتارکرلیا ہے۔

ایس ایچ اوماڑی پورکامران حیدرنے ایکسپریس کو بتایا کہ سمندرمیں نہاتے ہوئے ڈوب کرلاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت21 سالہ شہیرولد آفتاب راجپوت کے نام سے کی گئی جو شریف آباد تھانے کے علاقے لیاقت آباد اعظم اسکوائرکا رہائشی ہے اور دوستوں کے ہمراہ پکنک پرہاکس بے آیا تھا اورسمندرمیں نہاتے ہوئے اوراونچی لہروں کے باعث ڈوب کرلا پتہ ہو گیا۔

ایس ایچ اونے بتایا کہ ماڑی پور پولیس نے سمندرمیں نہانے والے 9 افراد کوگرفتارکرلیا ہے جن کے خلاف دفعہ 188 کے تحت 6 مقدمات درج کرلیے گئے۔

حکومت سندھ کی جانب سے سمندر میں نہانے پردفعہ 144 نافذ ہے ۔ آج کل اونچی لہروں کے باعث ساحل خطرناک ہے، شہریوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔