ڈی آئی خان : وزیراعلیٰ نے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کردی

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2024
(ویڈیو اسکرین گریب)

(ویڈیو اسکرین گریب)

ڈی آئی خان: وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے خود گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کردی اور کہا ہے کہ 12 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا تنازع مزید شدت اختیار کرگیا، آج  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور ڈی آئی خان میں لوگوں کا ہجوم لے کر بجلی بحال کرنے گرڈ اسٹیشن پہنچ گئے۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ ناصر محمود اور ڈی ایس پی عدنان بھی موجود تھے، وزیر اعلیٰ نے گرڈ اسٹیشن سے بجلی بحال کردی۔

یہ بھی پڑھیں : لوڈشیڈنگ پر عوام خود نکل کر حکومت کا رویہ درست کریں گے، وزیر اعلیٰ گنڈاپور

پریس سیکریٹری برائے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مطابق وزیراعلیٰ نے اپنے اعلان کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے پر فکس کردیا۔  وزیر اعلی نے خود لوڈ شیڈنگ کا شیڈول تیار کرلیا اور کہا ہے کہ اب کسی بھی علاقے میں 12 گھٹنے سے زائد وقت کے لیے  لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے تمام پارلیمنٹیرینز اپنے اپنے علاقوں میں گرڈ اسٹیشنز کا دورہ کرکے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر عمل درآمد کرائیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا ہےکہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید چھ گھنٹے کم کرکے بارہ گھنٹے پر لایا جائے دوسری جانب وفاق نے صوبے میں بجلی کی چوری کا الزام عائد کیا ہے اور چوری میں کمی کی صورت میں ہی بجلی کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔

ایم پی اے فضل الہیٰ رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں دو بار داخل، بجلی بحال کرادی

دریں اثنا وزیراعلیٰ کی طرح ایم پی اے فضل الہی نے بھی رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر زبردستی 10 فیڈرز پر بجلی بحال کرادی۔ پیسکو حکام کے مطابق رکن کے پی اسمبلی فضل الہی رات 11 بجے زبردستی بجلی بحال کرکے گئے ان کے جانے کے بعد بجلی دوبارہ بند کردی گئی جس پر وہ صبح دوبارہ آئے اور زبردستی چار فیڈرز پر بجلی بحال کرادی۔

زبردستی فیڈر بحال کرانے پر ہمیں 26 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، پیسکو

پیسکو حکام کے مطابق رکن کے پی اسمبلی فضل الہی رات گیارہ بجے زبردستی بجلی بحال کرکے گئے، رحمن بابا گرڈ اسٹیشن سے لائن لاسزوالے 10 فیڈرز پر زبردستی بجلی بحال کرائی گئی، زبردستی فیڈر بحال کرانے سے پیسکو کو 26 لاکھ 40 ہزار روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، رحمن بابا گرڈ اسٹشین میں لاسز والے 10 فیڈرز دوبارہ بند کردئیے گئے ہیں۔

پیسکو کے مطابق لاسز والے فیڈرز پر 16 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، فضل الہی کے حلقے میں ہائی لاسز والے فیڈرز ہیں،  خیبر پختونخوا کے دیہی علاقوں میں 16 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جاری ہے لیکن جن علاقوں میں لاسز نہیں ہیں وہاں لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔

پیسکو حکام کا کہنا ہے کہ رات گیارہ کے بعد ایم پی اے فضل الٰہی ایک بار پھر مشتعل مظاہرین کے ہمراہ آج صبح رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوگئے اور زبردستی چار فیڈز چالو کرائے جو کہ ہائی لاس فیڈرز میں شمار ہوتے ہیں، ممبر صوبائی اسمبلی نے پیسکو اسٹاف کے ساتھ زور زبردستی کی اور فیڈرز چالو کرائے۔

یہ بھی پڑھیں : لوڈشیڈنگ پر احتجاج، پی ٹی آئی ایم پی اے نے گرڈ اسٹیشن میں گھس کر فیڈرز چلوادیے

ترجمان پیسکو کے مطابق گزشتہ روز بھی فضل الٰہی کے خلاف گرڈ میں گھسنے اور زبردستی فیڈر چالو کرانے پر قانونی کارروائی کی گئی تھی، فضل الٰہی نے زبردستی ہزار خوانی1، ہزار خوانی 2، یکاتوت اور اخون آباد فیڈرز آن کرائے مذکورہ فیڈرز پر بجلی کی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لاسز 80 فیصد سے زائد ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پیسکو کی جانب سے مذکورہ فیڈرز پر لاسز کم کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے پیسکو کی جانب سے ایم پی اے فضل الٰہی کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں ہجوم کے گھسنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم اس میں ایم پی اے فضل الہیٰ کو نامزد نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔