ٹی20 ورلڈکپ: جنوبی افریقا نے امریکا کو 18 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2024
فوٹو: اے ایف پی

فوٹو: اے ایف پی

اینٹیگوا: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے امریکا کو 18 رنز سے شکست دے دی۔

سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم اینٹیگوا میں گروپ ٹو کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے امریکا کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں امریکا کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکتوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی۔

امریکا کی طرف سے اینڈریس غوث نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ہرمیت سنگھ 38، اسٹیون ٹیلر 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نتیش کمار 8، کورے اینڈرسن 12، شایان جہانگیر 3 رنز بناسکے جبکہ ایرون جونز صفر پر پویلین لوٹ گئے، جسدیپ سنگھ 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے کاگیسو ربادا نے 3، تبریز شمسی، کیشو مہاراج اور انرچ نورجے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں امریکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

امریکا کیخلاف جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز  کوئنٹن ڈی کوک اور ریز ہینڈرکس نے کیا۔ جنوبی افریقا کو 16 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب ریز ہینڈرکس 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کوئنٹن ڈی کوک 74 رنز اور ایڈن مارکرم 46 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر صفر پر ہی چلتے بنے، ہینرچ کلاسن 36 اور ٹرسٹن اسٹبز 20 رنز کے ناٹ آؤٹ رہے۔

امریکا کی طرف سے سوربن نیتراولکر اور ہرمیت سنگھ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔