آئی سی سی نے ٹی20 کی نئی رینکنگ جاری کردی
آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں آسٹریلیا کے مارکوس اسٹوئنس نے افغانستان کے محمد نبی سے پہلی پوزیشن چھین لی
آئی سی سی نے ٹی 20 فارمیٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی۔
آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں آسٹریلیا کے مارکوس اسٹوئنس نے افغانستان کے محمد نبی سے پہلی پوزیشن چھین لی۔
مارکوس اسٹوئنس ایک درجہ بہتری کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے جبکہ محمد نبی تین درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے۔
سری لنکا کے ونندو ہاسارانگا ایک درجہ بہتری کے ساتھ دوسرے اور بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن 2 درجہ بہتری کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین چھ پوائنٹس کی بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
سری لنکا کے ونندو ہاسارنگا اور افغانستان کے راشد خان ایک، ایک درجہ تنزلی کے ساتھ بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی تین درجہ تنزلی کے ساتھ 15 ویں نمبر پر چلے گئے۔
بولرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف 6 درجہ ترقی کے ساتھ 11 ویں جبکہ انکے ہم وطن گدکیش موتی 16 درجہ ترقی پاکر 13 نمبر پر آگئے۔
بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ فور پوزیشنز برقرار ہیں جن میں بھارت کے سوریا کمار یادیو پہلے، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے، پاکستان کے بابر اعظم تیسری اور محمد رضوان چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
بیٹنگ میں آسٹریلوی اوپنر ٹریوس ہیڈ پانچ درجے بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن آٹھ درجہ بہتری کے ساتھ گیارہویں نمبر پر آگئے ہیں۔