نیپالی کپتان سے نامناسب رویہ پر بنگلا دیشی فاسٹ بولر پر جرمانہ عائد

تنظیم حسن ثاقب کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا


ویب ڈیسک June 19, 2024
فوٹو: ویڈیو گریب

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلا دیشی فاسٹ بولر تنظیم حسن ثاقب پر نیپال کے کپتان روہت پاوڈل کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے پر جرمانہ عائد کردیا۔

آئی سی سی نے بدھ کو کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں نیپال کی اننگز کے دوران بنگلادیشی فاسٹ بولر تنظیم حسن ثاقب تیسرے اوور کے اختتام پر گیند پھینکنے کے بعد جارحانہ انداز میں روہت پاوڈل کی طرف بڑھے اور ان سے نامناسب رویہ اختیار کیا۔

تنظیم حسن ثاقب کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اور ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ انہوں نے نے اپنا جرم بھی قبول کرلیا ہے۔

اس کے علاوہ تنظیم حسن ثاقب کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے لیے یہ 24 ماہ کی مدت میں انکا پہلا جرم تھا۔

واضح رہے کہ سینٹ ونسنٹ میں اتوار کو گروپ ڈی کے میچ میں بنگلا دیش نے نیپال کیخلاف 21 رنز سے فتح کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

اس میچ میں تنظیم حسن ثاقب کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جنہوں نے چار اوورز میں صرف 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انکے اس شاندار اسپیل میں دو میڈان اوورز بھی شامل تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں