ٹیسٹ سیریز، سرفراز ایکشن میں دکھائی دیں گے

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 20 جون 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سرفراز احمد کے ایکشن میں آنے کا امکان ہے، 2 ہوم میچز میں بابراعظم سمیت کچھ سینئرز کو ’آرام‘ دیا جاسکتا ہے، کچھ نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع مل سکتا ہے، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا اور سعود شکیل بھی وائٹ کٹ زیب تن کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ میں مایوس کن پرفارمنس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی اگلی مصروفیت بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز ہے، یہ مقابلے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، ان میں بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیتے ہوئے کچھ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جاسکتا ہے، وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد بھی ہوم گراؤنڈز پر ایکشن میں دکھائی دے سکتے ہیں۔

کپتان شان مسعود اس سیریز میں رضوان کی جگہ سرفراز کو ہی وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری انجام دیتا دیکھنا  چاہتے ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی توجہ  بھی اب طویل فارمیٹ کی سیریز کی جانب مرکوز ہوگئی ہے، جس کیلیے ٹیم کی تشکیل کیلیے کمیٹی کی کپتان شان مسعود اور ٹیسٹ کوچ جیسن گلیسپی سے مشاورت کی جائے گی۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے خلاف اس سیریز میں نئے اور نوجوان  کھلاڑیوں کو موقع دینے کی بات کی ہے۔ شاہنواز دھانی، عامر جمال، خرم شہزاد، میرحمزہ اور نسیم شاہ کے انتخاب کی صورت میں حارث رؤف کے نام پر غٰور نہیں ہوگا، وائٹ بال کپتان بابراعظم کو بھی آرام ہی دینے پر غور ہورہا ہے۔ اس ہوم سیریز کیلیے عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا اور سعود شکیل کا انتخاب بظاہر یقینی دکھائی دے رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔