کین ولیمسن کا ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے انکار، قیادت اور سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی دستبردار

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جون 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

آکلینڈ: بلیک کیپس کے تینوں فارمیٹ کے کپتان کین ولیمسن نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے وائٹ بال ٹیم کی قیادت اور سینٹرل کنڑیکٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے 33 سالہ کین ولیمسن نے موسم گرما میں ملکی ڈومیسٹک کرکٹ کے بجائے بین الاقوامی کرکٹ کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کے علاوہ ملک کی ’سپر اسمیش ٹی 20 لیگ‘ میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سپر اسمیش ٹی 20 لیگ جنوری میں کرانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

کین ولیمسن نے اپنے اس فیصلے کے دفاع میں کہا کہ بلیک کیپس کے لیے کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے لیکن میں فی الحال بین الاقوامی مقابلوں میں نیوزی لینڈ ٹیم کے لیے اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہوں۔

این زیڈ سی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ولیمسن مستقبل قریب میں سینٹرل کنٹریکٹ قبول کر سکتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو اسکاٹ ویننگ کا کہنا تھا کہ کین ولیمسن کا فیصلہ بورڈ کے قوانین سے متصادم ضرور ہے مگر ہم نیوزی لینڈ کے اب تک کے سب سے بڑے بلے باز کو رعایت دیتے ہوئے خوش ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم رواں سال دسمبر میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں حصہ لے گی۔

بلیک کیپس کی ٹیم نے 2014  سے ٹی 20 یا 50 اوورز کے ورلڈ کپس کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، یہ پہلا موقع ہے کہ ناقص کارکردگی کی وجہ سے ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے پہلے مرحلے سے باہر ہو گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔