حاجیوں کی وطن واپسی پی آئی اے پروازیں اسلام آباد اور کراچی پہنچ گئیں
پی آئی اے 35 ہزار سے زائد حجاج کو سعودی عرب سے 171 پروازوں کے ذریعے وطن واپس لائے گی
حج مکمل ہونے پر حاجیوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی، آج اسلام آباد اور کراچی میں پی آئی اے کی اولین حج پروازیں پہنچ گئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کی جدہ سے کراچی پہلی بعد از حج پرواز پی کے 860 آج دوپہر 160 حجاج کو لے کر پہنچ گئی۔ پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر عمر خان، ائیرپورٹ مینیجر جاوید پیچوہو اور پی آئی اے کے دیگر افسران نے حاجیوں کا استقبال کیا۔
اسی طرح جدہ سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 740 اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی جس سے 443 حجاج اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے۔ ائیرپورٹ مینجر آفتاب گیلانی، ڈپٹی ڈائریکٹر جج، چیف سیکیورٹی آفیسر اور ائیرلائن حکام نے حجاج کا استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پر حجاج کو ریسیو کرنے والے عزیز اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی۔ عزیز و اقارب نے حجاج کو پھولوں ہار پہنا کر ان کا استقبال کیا۔
قبل ازیں نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دوسو حجاج اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے۔
شام چھ بجے نجی ائیرلائن کی پرواز نمبر پی ایف 719 کے ذریعے 150 حجاج کو اسلام آباد ایئرپورٹ آنا تھا موسم کی خرابی کے سبب اسے پشاور ڈائیورٹ کردیا گیا۔
پی آئی اے 35 ہزار سے زائد حجاج کو سعودی عرب سے 171 پروازوں کے ذریعے وطن واپس لائے گی۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت تقریباً 19,500 حجاج، پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 14,900 اور تقریباً 630 خدام حجاج پاکستان پہنچیں گے۔
پی آئی اے کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، سیالکوٹ اور پشاور کے لیے بعد از حج پروازیں چلا رہی گی۔ سکھر اور کوئٹہ کے حجاج کراچی سے روڈ کا سفر کریں گے۔
پی آئی اے بعد از حج آپریشن 21 جولائی کو ختم ہوگا۔