وزیر اعظم کی بلاول سے ملاقات بجٹ پر تحفظات دور کرنے کیلیے کمیٹی تشکیل

وزیراعظم کا بلاول بھٹو اور پی پی وفد کو خصوصی عشائیہ، ملاقات میں کوئی بریک تھرو نہ ہوسکا


ویب ڈیسک June 20, 2024
فوٹو فائل

بجٹ پر تحفظات کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے تمام تحفظات دور کرنے یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس پہنچے۔

بلاول بھٹو نے بجٹ پر اپنی پارٹی کے تحفظات وزیر اعظم کو پیش کیے۔ ملاقات کے بعد شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو بجٹ کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم اور بلاول بھٹو کی ملاقات کی اندرونی کہانی

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے وفاقی بجٹ پر پیپلزپارٹی کو اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا اور اعتماد میں نہ لینے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

بلاول بھٹو نے وزیر اعظم سے کہا کہ 'پیپلزپارٹی نے ایک معاہدے کے تحت حکومت کی حمایت کی مگر حکومت اُس معاہدے پر عمل نہیں کررہی'۔ اس کے علاوہ پی پی چیئرمین نے پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی کے خلاف کیے گئے اقدامات پر بھی شکوہ کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب میں پیپلزپارٹی کو محدود کررہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کے بیشتر نکات سے اتفاق کیا اور معاملات کے حل کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ پیپلزپارٹی اور حکومت کی کمیٹیاں کل ملاقات کرکے وزیراعظم اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی روشنی میں معاملات کو آگے بڑھائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے مثبت اعشاریے آ رہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی کاروباری طبقے کی طرف سے بجٹ کی توثیق ہے، ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،نائب وزیراعظم و وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد کیلیے فون کر کے انہیں بجٹ سے متعلق تحفظات پر بات چیت کیلیے مدعو کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں