ترقی کیلیے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہوگا چینی وزیر لیوجیان چاؤ
ملکی ترقی کیلیےسیاسی استحکام ناگزیر ہے،سیکیورٹی بہتر ہوگی تب ہی سرمایہ کاری ہوگی، پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس سے خطاب
چینی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہوگا، ترقی کے اہداف کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چین کے وفد سمیت نائب وزیرعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ن لیگ کے وزرا، پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور رہنما بھی موجود تھے۔
چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس کا انعقاد خوش آئند ہے، چینی قیادت دونوں ممالک کی دوستی کو اہمیت دیتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی جہت تک پہنچانے کی خواہاں ہے، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے پاکستان اور چین کی ترقی سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا پاک چین معاہدوں سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں ںے زور دیا کہ دونوں ممالک کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہے، ترقی کے اہداف کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔
چینی وزیر نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بنیاد عوامی حمایت کی مرہون منت ہے، میڈیا ، طلبا اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلے کے لیے تیار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور ہماری قیادت کے درمیان سی پیک کی اپ گریڈیشن پر اتفاق ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا کیوں کہ بہتر سیکیورٹی کی وجہ سے ہی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔
سی پیک پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی وفد اور اور وزیر کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارے اس دورے اور اجلاس میں مفید باتیں ہوئیں، چینی وفد کا دورہ باہمی اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا نیا ورژن ہے سی پیک پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔
دفتر خارجہ کا اعلامیہ
قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی مرکزی کمیٹی کے وزیر لیو جیان چاؤ نے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور ترقی و خوشحالی میں سی پیک کے مثبت کردار کو سراہا، وزیر خارجہ نے چین کے صدرکے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ منصوبے کی تعریف کی۔
نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک میں سی پیک پر متفقہ سیاسی اتفاق رائے کو سراہا سی پیک کی کامیابیوں اور اس کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
لیو جیان چاو نے کہا کہ وقت کے آزمائے ہوئے دوست کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
دونوں جانب سے سی پیک کی مستحکم رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
چینی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان میں تمام جاری اور نئے سی پیک منصوبوں کے بروقت نفاذ کے لیے پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کرے گا، چینی وزیر نے چین پاکستان دوستی کی مستقل حمایت پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی بھی تعریف کی اور چین کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطح تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر رابطے کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔