بھارتی خوبرو اداکارہ ایشا کوپیکر نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انھیں کیریئر کی ابتدا سے ہی فلم انڈسٹری میں بارہا ''کاسٹنگ کاؤچ'' کا سامنا کرنا پڑا۔
فلم ''کرشنا کاٹیج'' سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ ایشا کوپیکر نے شوبز کی دنیا کے اس گھناؤنے چہرے سے پردہ ہٹاتے ہوئے بتایا کہ جب ''کاسٹنگ کاؤچ'' کے لیے ان سے پہلی بار رابطہ کیا گیا تو وہ صرف 18 سال کی تھیں۔ انھیں نامناسب طریقے سے چھوئے جائے اور ''زیادہ دوستانہ'' ہونے کو کہا گیا۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں ایشا کوپیکر نے بالی ووڈ میں کاسٹنگ کاؤچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ''ہیرو'' خواتین ستاروں کی قسمت کا فیصلہ کرتے ہیں۔ میرے دور میں کئی اداکاراؤں نے انڈسٹری چھوڑ دی، یا تو لڑکیوں نے ہار مان لی یا پھر ان کے مطالبات پورے کردیئے۔ بہت کم ایسی خواتین ہیں جو اب بھی انڈسٹری میں ہیں اور انھوں نے ہمت نہیں ہاری اور میں ان میں سے ایک ہوں۔
ایشا نے مزید کہا کہ جب میں 23 سال کی تھی تو ہندی فلم انڈسٹری کے ایک اے لسٹ اداکار نے مجھ سے کہا کہ میں ان سے اکیلے میں ملوں، اپنے ڈرائیور یا کسی اور کے بغیر، کیونکہ ان اداکار کے دیگر اداکاراؤں کے ساتھ ہونے کی افواہیں تھیں۔ انھوں نے کہا کہ میرے بارے میں پہلے ہی تنازعات ہیں، اور عملہ افواہیں پھیلاتا ہے۔ لیکن میں نے انکار کردیا اور انھیں کہا کہ میں اکیلی نہیں آسکتی۔
ایشا کوپیکر نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح اداکاروں اور ہدایت کاروں کے سیکریٹری انھیں 'نامناسب' طریقے سے چھوتے تھے۔ وہ صرف آکر آپ کو نامناسب طریقے سے چھوتے ہی نہیں تھے بلکہ بازو جھنجھوڑ کر کہتے تھے کہ ''ہیروز کے ساتھ دوستی کرنا پڑے گی''۔
ایشا کوپیکر نے 2000 میں فلم ''فضا'' سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے سے پہلے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ماڈل کیا تھا۔ انھوں نے بالی ووڈ کے علاوہ تامل، تیلگو، کنڑ اور مراٹھی فلم انڈسٹری میں بھی قابل ذکر کام کیا ہے۔
ایشا کوپیکر نے کئی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے جن میں 'ڈرنا منع ہے'، 'کرشنا کاٹیج'، 'ایک وواہ ایسا بھی'، 'کیا کول ہیں ہم' اور 'گرل فرینڈ' شامل ہیں۔