ملک میں مسلسل چوتھے ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ

حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح 0.94فیصد بڑھ گئی، سالانہ بنیادوں پرگرانی کی شرح بھی بڑھ کر 23.78 فیصد ہوگئی، ادارہ شماریات


Irshad Ansari June 21, 2024
(فوٹو: فائل)

ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے، حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح 0.94فیصد بڑھ گئی، سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح بھی 23.03 فیصد سے بڑھ کر 23.78 فیصد ہوگئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے، اور مسلسل چوتھے ہفتے گرانی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں مزید 0.94 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس سے پچھلے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں 1.30 فیصد کا اضافہ ہو اتھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق 20 جون کوختم ہونے والے ہفتہ میں روزمرہ استعمال کے 5 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ حالیہ ہفتے ٹماٹرکی قیمت میں 65.84 فیصد، آلو5.61 فیصد، پیاز3.78 فیصد، کیلا3.29 فیصد، ایل پی جی 2.44 فیصد، سگریٹ 1.67 فیصد، دال مونگ 1.53 فیصد، لہسن 1.29 فیصد، تازہ دودھ 0.95 فیصد، انڈے 0.83 فیصد، جارجٹ 0.28 فیصد اورشرٹنگ کی قیمت میں 0.17 فیصدکااضافہ ہوا۔

اس کے برعکس پیٹرول کی قیمت میں 3.76 فیصد، ڈیزل 0.84 فیصد، باسمتی چاول 0.08 فیصد، دال مسور0.08 فیصد اورچکن کی قیمت میں 0.05 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 1.58 فیصد اضافے کے ساتھ 17.52 فیصد رہی۔

اسی طرح 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 1.44فیصد اضافے کے ساتھ 21.34 فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح1.20 فیصد اضافے کے ساتھ26.97فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کے مطابق 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح1.11 فیصد اضافے کے ساتھ 24.28فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح0.69 فیصد اضافے کے ساتھ 21.34فیصدرہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔