پی آئی اے کو 6ماہ میں 18ارب کا خسارہ تین منافع بخش روٹ بند

ڈیڑھ سال میں خسارہ 28 ارب ہوگیا،صرف 22 جہاز فضائی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، 2010 میں106 بلین آمدنی ہوئی تھی


Tufail Ahmed September 21, 2012
ڈیڑھ سال میں خسارہ 28 ارب ہوگیا،صرف 22 جہاز فضائی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، 2010 میں106 بلین آمدنی ہوئی تھی۔ فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن میں مجموعی طور پر28ارب کے خسارے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایئرلائن کورواں سال کی ششماہی کے دوران 18 ارب روپے جبکہ گزشتہ سال 10ارب روپے کا خسارہ ہوا، مستعفی ہونے والے چیئرمین راؤقمر سلیمان کے دستخط سے جاری ہونیوالی ایک رپورٹ کے مطابق قومی ایئرلائن کورواں سال جنوری سے جون کے دوران 18.02بلین روپے کاخسارہ ہوا۔ گزشتہ چھ ماہ میں ادارے کوصرف54بلین روپے کی آمدن ہوئی،گزشتہ سال 10.74بلین کاخسارے کاسامنا تھا، اس طرح ادارے کوڈیڑھ سال کے دوران مجموعی طورپر28ارب روپے کے خسارے کاسامنا ہے،پی آئی اے کے ایک ذمے دار انتظامی افسرکے مطابق قومی ایئرلائن کو2010 میں 106بلین روپے کی آمدنی ہوئی تھی جو ریکارڈ آمدنی تھی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین راؤقمر سلیمان کے مستعفی ہونے کی مختلف وجوہات بتائی گئی ہے جس میں ان کے دور میں مالی نقصان بھی شامل ہے،ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن کے فضائی بیٹرے میں شامل میں49میں سے22جہازآپریشنل ہیں باقی جہاز گراؤنڈ یا مرمت کے مراحل میں کھڑے ہیں،ائیرلائن کی انتظامیہ نے بارسلونا، اوسلواور مانچسٹر سیکٹر میں بین الاقوامی روٹس میں استعمال کیے جانے والے جمبو، 777اورایئربس A.310 کی پروازیں عارضی طور پر معطل کرکے ان جہازوں کو حج آپریشن میں استعمال کررہی ہے، قومی ادارے کی ناقص حکمت عملی اور ان روٹس پر پروازیں بند کرنے کی وجہ سے ادارے کویومیہ10کروڑ روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے امسال سوا لاکھ عازمین حج کے بجائے صرف 65ہزار عازمین حج کو لیکر سعودی عرب جارہی ہے ،ذرائع نے بتایاکہ حج آمدنی سیزن ہوتا ہے اس سیزن سے قبل قومی ادارے کی انتظامیہ نے اپنے جہازدرست کرنے کے بجائے چیکس پر ڈال دیے،2010میں سابق ایم ڈی کیپٹن اعجازہارون کے دورمیں انہی جہازوں کے ذریعے حج آپریشن مکمل کیاگیا تھا جس میں قومی ادارے کو اربوں روپے کی آمدن ہوئی تھی لیکن ایک منظم سازش کے تحت ادارے کو تباہی کے دھانے پر پہنچانے والوں نے ان کے خلاف تحریک شروع کی جس کے بعد قومی ایئرلائن کوصرف ڈیڑھ سال کے عرصے میں 28ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں