"چاہت فتح علی خان کیوجہ سے ہمارے گلوکاروں کی تذلیل ہورہی ہے"

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 جون 2024
شفقت امانت علی نے چاہت فتح کی کامیابی پر تنقید کی : فوٹو : ویب ڈیسک

شفقت امانت علی نے چاہت فتح کی کامیابی پر تنقید کی : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے چاہت فتح علی خان کو اسٹار بنانے پر سوشل میڈیا صارفین سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے بےسُرے گانوں کی وجہ سے شہرت پانے والے خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان کے وائرل گانے ‘بدو بدی’ نے یوٹیوب پر 28 ملین ویوز حاصل کیے، اس گانے کو کاپی رائٹ کی وجہ سے یوٹیوب نے ڈیلیٹ کردیا تھا لیکن اس گانے کی مقبولیت نے چاہت فتح علی خان کو اسٹار بنا دیا۔

چاہت فتح علی خان کو کئی کنسرٹس اور انٹرویوز میں بھی مدعو کیا گیا، اس کامیابی پر جہاں چاہت فتح علی خان بےحد خوش ہیں تو وہیں معروف گلوکاروں کی جانب سے اُن پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔

شفقت امانت علی خان بھی انہی گلوکاروں میں شامل ہیں جو چاہت فتح علی خان کی غیرمعمولی کامیابی سے ناخوش ہیں۔

حال ہی میں گلوکار شفقت امانت علی نے واسع چوہدری کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے چاہت فتح علی خان جیسے لوگوں کو اسٹار بنانے پر پاکستانیوں سے غصے کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: یوٹیوب نے چاہت فتح علی خان کا گانا ‘بدو بدی’ ڈیلیٹ کردیا

شفقت امانت علی نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت دُکھ ہوا کہ ہمارے لوگوں نے چاہت فتح علی خان جیسے لوگوں کو وائرل کرکے موسیقی کا مذاق اُڑانا شروع کردیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ صرف چاہت فتح علی خان کی وجہ سے ہمارے گلوکاروں کی تذلیل ہورہی ہے، بہت سے لوگ انہیں (چاہت فتح) گلوکار کہہ کر پکارتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنا نیا گانا ریلیز کیا ہے۔

گلوکار نے کہا کہ براہِ کرم غور سے دیکھیں، چاہت فتح علی آپ کے ملک کی موسیقی اور گلوکاروں کا مذاق اڑا رہا ہے، اس طرح کے لوگوں کو وائرل نہیں کریں۔

مزید پڑھیں: “بس بس! قیامت ساتھ والے موڑ پر ہے”، آغا علی بھی چاہت فتح سے تنگ

شفقت امانت علی نے یہ بھی کہا کہ چاہت فتح علی خان کو اسٹار بنانے میں پاکستانیوں کا ہاتھ ہے کیونکہ اب ہمارے لوگ ایسا ہی فضول مواد دیکھنا پسند کرتے ہیں، انہیں سستی تفریح ​​کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لوگ حقیقی کے بجائے ایک عجیب اور مضحکہ خیز فنکار کی تعریف کرتے ہیں، اس کے اثرات یہ مستقبل میں اپنے بچوں پر دیکھیں گے، اس وقت انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔