اسلام آباد پولیس کا کارلفٹرز گینگ کیساتھ مقابلہ 3ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
چوروں کی ساتھی خاتون زخمی حالت میں گرفتار کرلی گئی
اسلام آباد پولیس کا علی الصبح بین الصوبائی کارلفٹرز گینگ کے ساتھ مقابلہ ہوا جس میں کارلفٹرز گینگ کے 3 ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ چوروں کی ساتھی خاتون زخمی حالت میں گرفتار کرلی گئی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی پولیس پچھلے دو ماہ سے اس خطرناک گینگ کے تعاقب میں تھی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع سے اس گینگ کی معلومات اکٹھی کی گئی تھیں، اس گینگ کی آمدورفت کے حوالے سے ایک روٹ بنایا گیا تھا۔
ذرائع نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ یہ گینگ مری کے طرف نکلا ہے، اس اطلاع پر اے وی ایل سی، سی آر ٹی اور اے ٹی ایس کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکے قائم کیے، آج صبح کشمیر چوک ناکے پر موجود پولیس ٹیموں نے مری روڈ سے آتی ان کی گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی، ملزمان 2 گاڑیوں میں سوار تھے جن میں ایک جی ایل آئی اور دوسری ہنڈا سوک گاڑی تھی۔
ترجمان کے مطابق گاڑیوں میں موجود گینگ ممبران نے اچانک پولیس ٹیموں پر فائرنگ شروع کر دی لیکن جی ایل آئی کار سواروں کی فائرنگ سے ان کے اپنے تین ساتھی ملزمان ہلاک ہوگئے، فائرنگ میں ایک عورت بھی زخمی ہوئی جبکہ جی ایل آئی گاڑی سے فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہوگئے۔
لاشوں اور زخمی کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔ لاشوں کی شناخت الیاس خان سکنہ چارسدہ اور وقاص خان سکنہ چارسدہ ہوئی جبکہ ایک لاش کی شناخت جاری ہے، زخمی عورت کی شناخت حسیبہ امجد کے نام سے ہوئی۔
ہلاک ملزم الیاس خان خطرناک کارلفٹر گینگ کا سرغنہ جبکہ باقی گینگ ممبر ہیں، ملزمان نے رات کو مری سے گاڑی چوری کی اور فرار ہو رہے تھے۔ دوسری گاڑی ہنڈا سوک بھی لاہور سے چھینی گئی تھی، ہنڈا سوک کار سے متعدد غیرنمونہ نمبر پلیٹس، جیمر، موبالئزر، اگنیشن بریکر، ایس ایم جی گن اور پسٹلز برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں روانہ کر دی گئیں، ملزمان متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔