پنجاب میں منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن تیز مزید 152 ملزمان گرفتار
26 فروری سے جاری مہم کے دوران اب تک 15689 ملزمان گرفتار اور 15 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے، ترجمان پولیس
صوبائی دارالحکومت سمیت تمام اضلاع میں منشیات فروشوں، ڈیلرز اور اسمگلرز کے ٹھکانوں پر پولیس کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی، ایک روز میں 278 چھاپوں میں 152 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب مہم کے تحت پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 278 چھاپے مارے گئے۔
چھاپوں کے دورران مکروہ دھندے میں ملوث 152 ملزمان گرفتار کرکے ان کے خلاف 150 مقدمات درج کیے گئے جبکہ ملزمان کے قبضہ سے 59 کلو گرام چرس ، 02 کلو ہیروئن اور 1834 لٹرز شراب برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق 26 فروری سے جاری اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کے دوران پولیس ٹیموں کے 32 ہزار سے زائد چھاپے مارے جاچکے ہیں جن کے دوران مجموعی طور پرمنشیات فروشی میں ملوث 15689 ملزمان گرفتار کرکے 15 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔
ملزمان کے قبضے سے 09 ہزار کلو سے زائد چرس، 157 کلو گرام ہیروئن، 267 کلو افیون، 44 کلوگرام آئس اور 1671389 لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی آر پی اوز ، ڈی پی اوز کو انسداد منشیات آپریشنز کی خود نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہاٹ اسپاٹ ایریاز اور آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف آپریشن میں تیزی لائی جائے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ تعلیمی اداروں، ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے اورمنشیات کی بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو دیگر اداروں کے تعاون سے قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔