کراچی سمیت دیگر شہروں میں پیپلز بس کے نئے روٹس جلد شروع ہوں گے شرجیل میمن

وزیر اعظم شہبازشریف نے 150 بسوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، ان سے گزارش ہے کہ اپنا وعدہ پورا کریں، سینئر صوبائی وزیر


ویب ڈیسک June 23, 2024
شرجیل میمن کراچی میں پریس کانفرنس کر رہے تھے—فوٹو: ایکسپیرس

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بس کے نئے روٹس جلد شروع کئے جائیں گے، کراچی، لاڑکانہ اور حیدر آباد کے بعد نواب شاہ میں بھی بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں حکومت سندھ کی جانب سے اورنج لائن اور گرین لائن کے درمیان شٹل سروس، جام صادق پل کی تعمیراتی کام کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ آٹو فیئر کلیکشن سسٹم کا افتتاح کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قیادت کی ہدایت پر پنک بسوں میں اضافہ کر دیا گیا، پاکستان کی پہلی ای وی بس سروس لانچ کردی گئی ہے، تاہم مزید ای وی بسیں سندھ میں لائی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ وفاقی بجٹ کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ پورے پاکستان میں اب پنک بس سروس چلے گی، یہ خیال دراصل پاکستان پیپلز پارٹی کا تھا اور اس خیال کے تحت جلد پورے ملک میں پنک بسیں چلیں گی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتای کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت سندھ کے ساتھ 150 بسوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، ہماری ان سے گزارش ہے کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نجی گاڑیوں پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف ایف آرز کاٹی گئی ہیں، جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ حکومت سندھ کی جانب سے مہم چل رہی ہے، کوئی بھی جعلی نمبر پلیٹ کے ساتھ پکڑا گیا تو اس کو جیل بھیجا جائے گا، جعلی نمبر پلیٹس بنانے والی دکانوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کی جا رہی ہے، ترمیم کے بعد صوبے میں کوئی بھی غیر رجسٹرڈ گاڑی نہیں چل سکے گی، پہلے گاڑی 60 دن میں رجسٹرڈ کروانی پڑتی تھی، اب کوئی بھی گاڑی تب خرید سکیں گے جو رجسٹرڈ ہوگی، بغیر رجسٹرڈ گاڑی اب صوبے میں نہیں چل سکے گی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ شو روم سے گاڑی تب تک نہیں نکلے گی جب تک وہ رجسٹرڈ نہیں ہوگی، اس ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 10 لاکھ کا جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے، محکمہ ایکسائز کی جانب سے قانون میں ترمیم لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کی جانب سے 29 جون کو پریمیئم نمبر پلیٹس کی نیلامی کی جائے گی، کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں نیلامی کی تقریب کے تمام اخراجات پرائیویٹ گاڑیوں کے مالکان کے تعاون سے ہوگا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے عید کے موقع پر 5 ہزار سے زائد گاڑیوں کی چیکنگ کی ہے، اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اضافی کرائے کی مد میں وصول کی گئی رقم 70 لاکھ روپے مسافروں کو واپس کروائے گئے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے میں مصروف ہے، بسیں آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام بھی چل رہا ہے، امید ہے کہ وہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں