پانی و بجلی بحران جماعت اسلامی کا بدھ کو شاہراہ فیصل پر دھرنے کا اعلان

پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم شہر پر مسلط وائٹ کالر کرمنلز کی سرپرستی کررہی ہیں، منعم ظفر خان

فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف 26 جون بدھ کو شاہراہ فیصل پر تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔

ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤن چیئرمینز کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ شہریوں کو نلکوں میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں، شہر کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی و حبس کے موسم میں 18 گھنٹے کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر کرمنلز کو شہریوں پر مسلط کردیا گیا ہے جس کی سرپرستی پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کررہی ہے، جماعت اسلامی اہل کراچی کا مقدمہ لڑرہی ہے، ہم حق دو کراچی تحریک کو ازسر نو منظم کریں گے اور شہریوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔


منعم ظفر خان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے کوئی فنڈ نہیں رکھا گیا، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے 2019 تا 2025 ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور کلک سے اربوں روپے کے قرضے لیے، وہ بتائے کہ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لیے گئے قرضوں کی رقم کہاں خرچ کی گئی؟۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے اٹھارہوں ترمیم کی آڑ میں خود تو اختیارا ت حاصل کرلیے لیکن وہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کرنا چاہتی، ہماراواضح اور دوٹوک مطالبہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140-Aکے تحت تمام تر اختیارات ٹاؤن و یوسیز کی سطح پر منتقل کیے جائیں۔

دریں اثناء امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگی بجلی، بدترین لوڈ شیڈنگ اور عوام دشمن ظالمانہ بجٹ کے خلاف ملک گیر سطح پر مظاہرے ہوئے،اس سلسلے میں کراچی میں بھی تمام اضلاع و ٹاؤنز کی سطح پردرجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
Load Next Story