پی پی ایل کے حکومتی حصص کی نجکاری کا عمل آج سے شروع ہوگا کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے سفارشات کی منظوری دیدی

اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کل شام پانچ بجے تک ہوگی،وفاقی وزیر زاہد حامد کی زیر صدارت اجلاس

اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کل شام پانچ بجے تک ہوگی،وفاقی وزیر زاہد حامد کی زیر صدارت اجلاس، خرم دستگیر، پرویز رشید واعلیٰ حکام کی شرکت، محمدزبیر نے بریفنگ دی۔ فوٹو: اے پی پی

کابینہ کی نجکاری کمیٹی(سی سی او پی) نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے حکومتی حصص کی بُک بلڈنگ پراسیس کیلیے فلور پرائس کے بارے میں نجکاری کمیشن بورڈکی سفارشات کی منظوری دیدی ہے۔

کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زاہد حامد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میںبتایا گیا کہ پی پی ایل کے حکومتی حصص کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت آج (جمعرات) صُبح نو بجے شروع ہوگی جو کل( جمعہ) شام پانچ بجے بند ہوگی۔


اجلاس میں چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے پی پی ایل کے حکومتی حصص کی نجکاری کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے بتایا کہ پی پی ایل کے 7کروڑ حکومتی حصص بین الاقوامی و مقامی اداراہ جاتی سرمایہ کاروں و انفرادی سرمایہ کاروں کو فروخت کیلیے پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پی پی ایل کے حصص کی قیمت کا تعین بُک بلڈنگ کی بنیاد پر ہوگا اور بُک بلڈنگ کی بنیاد پر پی پی ایل کے حصص کی جو قیمت طے ہوگی اس قیمت پر یہ حصص کامیاب بڈرز کو فروخت کیلیے پیش کیے جائیں گے اور یہ ڈچ آکشن میتھڈ کے ذریعے متعین کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پی پی ایل کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت کیلیے 19 جون 2014 سے لے کر 23 جون2014 تک کراچی، لاہور،اسلام آباد ،سیالکوٹ اور فیصل آباد میں روڈ شوز منعقد کروائے گئے ہیں جبکہ نجکاری کمیشن نے پی پی ایل کے حصص کی نجکاری کیلیے درکار ٹرانزیکشن اسٹرکچر اور الاٹمنٹ میکنزم سمیت دیگر ضروریات کی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور اسٹاک ایکسچینجز سے منظوری حاصل کرلی تھی۔
Load Next Story