سحر اور افطار کے وقفے کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے گورنر

تراویح کے دوران شہر کی بڑی جامع مساجد کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا جائے


Staff Reporter June 26, 2014
پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے، عشرت العباد کی کے الیکٹرک کو ہدایت۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی ہدایت پر کراچی الیکٹرک کی انتظامیہ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں سحر اور افطار کے وقفے کے دوران کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے تراویح کے دوران بھی تمام بڑی جامع مساجد کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ رکھنے کی ہدایت کی، انھوں نے کہا کہ موسم کی شدت کی وجہ سے یہ لازمی ہے کہ عبادت میں مصروف اللہ کے بندوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو جس سے ان کی عبادت میں خلل ہو، اس موقع پر کراچی الیکٹرک کی انتظامیہ میں چیئرمین تابش گوہر، سی ای او نیر اقبال اور چیف آف اسٹاف اسامہ قریشی شامل تھے۔

انھوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کراچی الیکٹرک پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور ادارے کی کوشش ہے کہ توانائی کے متبادل ذرائع سے جس میں کوئلہ ، بجلی ، شمسی توانائی شامل ہے پیداوار بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، انھوں نے کہا کہ اس وقت57سے60فیصد علاقہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہے جبکہ صنعتی علاقوں کو گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی ہدایت پر ابتدا سے ہی مستثنیٰ رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے کراچی کی صنعتیں بھرپور پیداواری صلاحیتوں کے ساتھ کام کرر ہی ہیں جس سے نہ صرف زرِ مبادلہ حاصل ہورہا ہے بلکہ بے روزگاری کو بھی کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں توانائی پیدا کرنے والے دو (2) ادارے DHA کو جن پلانٹ اور کینپ کا نیوکلیئر پلانٹ اپنی صلاحیتوں کے مطابق توانائی پیدا نہیں کر پارہے جس کی وجہ سے توانائی کی کمی کا سامنا ہے۔ گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد یہ ادارے بھی صلاحیت کے مطابق توانائی پیدا کرنے کے قابل ہو جائیں گے، انھوں نے کراچی الیکٹرک کو ہدایت کی کہ وہ تیزی کے ساتھ پیداواری صلاحیت میں اضافہ کریں تاکہ بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جاسکے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں