درہ آدم خیل پختونخوا سے اسلحہ منگوا کر شہر قائد میں لوٹ مارکی وارداتیں کرنے والے افغان ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا گیا۔
سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرسہراب گوٹھ جنت گل ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان ڈکیت گروہ کے انتہائی مطلوب3 ملزمان جان آغا،امید گل عرف لغمانی اور عبدالرحمٰن کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ وایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔
گرفتارملزمان نے مختلف علاقوں میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے کی 300 سے زائداسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے اور دوران واردات 3 سے زائد شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم جان آغا نے ڈکیتیوں کے لیے کئی بار درہ آدم خیل سے بذریعہ فیس بک اسلحہ منگوانے کا انکشاف کیا ہے۔ ملزم جان آغاایک منظم گروہ کے سرغنہ کے طور پر اپنے گروپ کو آپریٹ کرتا تھا۔ ملزم جان آغانے مزید انکشاف کیا کہ وہ کئی بار گرفتاری کے ڈر سے ایران میں روپوشی اختیار کر چکا ہے اور کچھ عرصے بعد واپس آکر دوبارہ جرائم میں ملوث ہو جاتا تھا۔
گرفتار ملزم نے شہر یوں سے چھینے گئے موبائل فروخت اور افغانستان لے جانے کا بھی انکشاف کیا ہے۔گرفتار ملزم جان آغا اور اس کے ڈکیت ساتھی اس سے پہلے بھی متعد د وارداتوں کی پاداش میں گرفتار ہوکرجیل جاچکے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔