اپوزیشن نے سات وزارتوں کے بجٹ میں کٹوتی کی تحاریک جمع کروادیں
کابینہ سیکرٹریٹ، توانائی، خزانہ و ریونیو، خارجہ امور، داخلہ امور، قانون و انصاف اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے ادارے شامل
اپوزیشن نے سات وزارتوں کے بجٹ میں کٹوتی کے لیے تحاریک قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروادیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے بجٹ تجاویز میں کٹوتی کی تحاریک کا سلسلہ جاری ہے، آج اپوزیشن جماعتوں نے سات وزارتوں کا بجٹ کم کرنے کےلیے 460 کٹوتی کی تحاریک قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہیں۔
ان وزارتوں کے مطالبات زر کی منظوری کے دوران اپوزیشن ان پر کٹوتی کی تحاریک لائے گی۔ جن وزاتوں کے خلاف یہ 460 تحاریک جمع ہوئی ہیں ان میں کابینہ سیکرٹریٹ، توانائی، خزانہ و ریونیو، خارجہ امور، داخلہ امور، قانون و انصاف اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے ادارے شامل ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے کٹوتی کی تمام تحریکوں کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔