میری رہائی کسی ڈیل یا مذاکرات کے نتیجے میں نہیں ہوئی پرویز الہیٰ
ق لیگ والے میرے متعلق ہر جگہ غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں، انہوں نے گجرات کا مینڈیٹ چوری کیا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ میری رہائی کسی ڈیل یا مذاکرات کے نتیجے میں نہیں ہوئی، پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھا اور کل بھی رہوں گا۔
اپنی رہائی کے بعد پہلی بار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہیٰ نے کہا کہ میری نہ کسی سے کوئی ڈیل ہوئی نہ ہی مذاکرات ہوئے، جیل سے نکلنے کے بعد میں نے جو بات کی تھی الحمدللہ میرا آج بھی وہی موقف ہے، پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھا، آج بھی ہوں اور انشاء اللہ کل بھی ان کے ساتھ رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ق لیگ کے کسی رہنما سے میری کوئی بات یا میٹنگ نہیں ہوئی، یہ میرے متعلق ہر جگہ غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں، مسلم لیگ ق والوں نے نے گجرات کا مینڈیٹ چوری کیا پہلے وہ واپس کریں پھر بات ہو گی، مینڈیٹ چوری ہونے پر گجرات کے لوگ ان سے سخت ناراض ہیں، یہ ان کا مینڈیٹ واپس کر کے پہلے انہیں راضی کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اب تو ایک سال سے زیادہ ہو گیا، ڈیل کر کے آنا ہوتا تو پہلے ہی باہر آ جاتا جب لاہور کیمپ جیل میں تھا، کیمپ جیل میں شجاعت صاحب اور ان کی فیملی ملنے آتے رہے اگر ڈیل کرنی ہوتی تو میں تب ہی کر لیتا، اس وقت بھی محسن نقوی خواہ مخواہ کا کرتا دھرتا بنا ہوا تھا۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ جہاں تک لوگ اسمبلی توڑنے کی بات کرتے ہیں اس میں بھی اللہ نے خیر رکھی تھی، لوگوں کی نظر میں اب جو میری پوزیشن ہے وہ واضح ہے اس میں شک کی کوئی بات نہیں ہے۔