ڈومیسٹک کرکٹ قومی ٹیم کے دروازے کی کنجی قرار
چیئرمین کی ہدایت پر کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلیے تینوں فارمیٹ میں ٹورنامنٹس کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا
پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کو قومی ٹیم کے دروازے کی کنجی قرار دے دیا،گذشتہ دنوں اہم اجلاس میں کھیل کے مقامی نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے چیئرمین محسن نقوی کی سربراہی میں پی سی بی کا اہم اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، 3 گھنٹے تک جاری رہنے والی اہم میٹنگ میں ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا، کوالٹی کرکٹ کے فروغ کیلیے پلان کی بھی محسن نقوی نے منظوری دے دی۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو ہر سطح پر پرموٹ کیا جائے گا، کلب سے نیشنل لیول تک تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کریں گے، اچھے کھلاڑیوں کی پروفیشنل انداز سے گرومنگ ہو گی، بہترین کوچز نئے ٹیلنٹ کی ٹریننگ کر کے صلاحیتوں میں نکھار لائیں گے، کارکردگی، فٹنس اور میرٹ پر کھلاڑیوں کو آگے موقع دیا جائے گا، کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے گیپ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے کوچنگ کا معیار بھی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، کوچز کی ٹریننگ کے لیے ماسٹر کوچ کو تعینات کیا جائے گا، ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر بھی نظر ثانی کا فیصلہ ہوا،محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہو گی، پرفارمنس اور فنٹس پر ہی انتخاب کیا جائے گا، میرٹ، کارکردگی اور فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
چیئرمین کی ہدایت پر کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلیے تینوں فارمیٹ میں ٹورنامنٹس کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، محسن نقوی نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری سے کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ ملے گا اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
اجلاس میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے خدوخال کا بھی جائزہ لیا گیا، کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلیے سفارشات اور تجاویز پر غورہوا۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر، سلیکشن کمیٹی کے انالسٹ بلال افضل، ڈائریکٹرز انٹرنیشنل کرکٹ، ہائی پرفارمنس سینٹرز، ڈومیسٹک کرکٹ، پی ایس ایل، کمرشل اور دیگر متعلقہ شعبوں کے حکام بھی موجود تھے۔