سی ٹی ڈی پنجاب نے آپریشنل آلات کیلیے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز مانگ لیے
مجموعی طور پر 3 ارب 81 کروڑ 20 لاکھ روپے کے اخراجات دیے جائیں، سی ٹی ڈی
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حکومت پنجاب سے آپریشنل آلات کے لیے 1ارب 42 کروڑ 72 لاکھ روپے کے فنڈز مانگ لیے۔
پنجاب میں امن و امان اور دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی کو جدید طرز پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے جدید آلات اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے ٹرانسپورٹ کی مد میں 35 کروڑ 45 لاکھ روپے اور جدید سافٹ ویئر کی فراہمی کے لیے 1 ارب 2 کروڑ 70 لاکھ روپے مانگے گئے۔ مجموعی طور پر سی ٹی ڈی کو مستحکم کرنے کے لیے 3 ارب 81 کروڑ 20 لاکھ روپے کے اخراجات دیے جائیں۔
دوسری جانب، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور سیکریٹری خزانہ کے مابین ملاقات کے بعد سی ٹی ڈی کے فنڈز میں کمی کر دی گئی۔
دستاویزات کے مطابق 3 ارب 81 کروڑ 20 لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کے بجائے سی ٹی ڈی کو 2 ارب 27 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
جدید آلات اور اسلحہ کی خریداری کے لیے 90 کروڑ 84 لاکھ 38 ہزار روپے، گاڑیوں کی خریداری کے لیے 98 کروڑ 17 لاکھ 24 ہزار روپے اور دیگر اخراجات کی مد میں 50 کروڑ روپے سی ٹی ڈی کو فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے 12 کروڑ مالیت کی لگژری گاڑی لینڈ کروزر کی ڈیمانڈ کو رد کر دیا گیا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کو کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے منظوری دے دی۔