کراچی کی مخدوش عمارتوں کو خالی کروا کے منہدم کیا جائے وزیر بلدیات

سعید غنی کا لیاقت آباد دس نمبر پر عمارت گرنے کا نوٹس، ڈی جی ایس بی سی اے سے فوری رپورٹ طلب کرلی

فائل فوٹو

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب ایک منزلہ عمارت گرنے کا نوٹس لے کر ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سینٹرل سے فوری رپورٹ طلب کرلی جبکہ انہوں نے شہر کی مخدوش عمارتوں کو خالی کرا کے فوری منہدم کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے منگل کی دوپہر لیاقت آباد 10 نمبر پر ایک منزلہ عمارت کے گرنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سینٹرل سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔


سعید غنی نے کہا کہ اس واقعہ کے پس پشت تمام عوامل کو رپورٹ میں واضح کیا جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ اللہ تعالٰی کا شکر ہے کہ اس حادثہ میں کوئی ہلاکت یا زخمی نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس بی سی اے فوری طور پر کراچی میں مخدوش قرار دی گئی تمام عمارتوں کو خالی کروا کر ان کو منہدم کرے۔ سعید غنی نے مزید کہا ہے کہ ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر کسی قسم کی کوئی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر تمام افسران کو اس حوالے سے اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں مخدوش عمارتوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایات دیں۔
Load Next Story