بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آسکتے ہیں رانا ثنا اللہ
حکومت کی کوشش ہوگی انہیں جتنی دیر جیل میں رکھا جاسکتا ہے رکھیں، مشیر وزیراعظم
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آسکتے ہیں تاہم حکومت کی کوشش ہوگی بانی پی ٹی آئی کو جتنی دیر جیل میں رکھا جاسکتا ہے رکھا جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھیں گے، بانی پی ٹی آئی باہر آبھی گئے تو کوئی طوفان نہیں آئے گا۔ انقلاب انہوں نے لانا نہیں اور ڈائیلاگ پر یہ یقین نہیں رکھتے تو کرنا کیا ہے؟۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جمہوریت میں مذاکرات کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں، اسی سے معاملات حل ہوں گے، محمود خان اچکزئی نے کوئی بات کردی تو پی ٹی آئی اُن سے مینڈیٹ واپس لے لے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی جمہوریت اور مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے، ہم سیاسی اور جمہوری لوگ ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کئی بار بات کرنے کی پیشکش کی مگر وہ تیار نہیں تھے۔
رانا ثنا نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی جمہوریت کے ساتھ بات کرے تو ہمیں اس کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں، جو بات کل کی وہی آج کررہے ہیں اور مستقبل میں بھی وہی کریں گے۔