وزیراعظم نوازشریف نے سود سے پاک قرضہ حسنہ اسکیم کا اعلان کر دیا

ہمارا ایجنڈا ملک کی ترقی ہے اورہم نے ووٹ دینے والوں کے ساتھ ساتھ دھرنے دینے والوں کی بھی خدمت کرنی ہے،نوازشریف


ویب ڈیسک June 26, 2014
ہم پاکستان کو ایک بار پھر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر دیں گے، وزیراعظم نواز شریف۔ فوٹو: آن لائن

وزیراعظم نواز شریف نے 10 ارب روپے مالیت کی سود سے پاک قرضہ حسنہ اسکیم کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت 10 لاکھ افراد کو قرضہ دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں قرضہ حسنہ اسکیم کے حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قرضہ حسنہ اسکیم سے 10 لاکھ افراد مستفید ہو سکیں گے جس میں 5 لاکھ خواتین بھی شامل ہوں گی، اسکیم کے تحت تمام افراد کو 10 ہزار سے 50 ہزار روپے قرضہ دیا جائے گا، ہر سال اس اسکیم پر ڈھائی ارب روپے خرچ ہوں گے، 4 سال میں 10 لاکھ افراد کو قرضے دیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، ایسے افراد کو قرضہ دیا جائے گا جنہیں کبھی بینکوں نے قرضہ نہیں دیا، قرضہ حسنہ اسکیم کے تحت پیسہ لینے والے افراد معیشت کےاستحکام میں ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوں گے، خواتین کا بھی ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ہے، ہم سب اسی طرح اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے تو ملک سے بہت جلد غربت اور بے روز گاری کا خاتمہ ہو جائے گا۔

نوازشریف نے کہا کہ ایٹمی قوت ہونے کے باوجود بجلی کی کمی کا سامنا ہے، آج ملک میں 10 سے زائد بجلی کے ڈیم ہونے چاہیئے تھے لیکن گزشتہ حکومتوں نے اس جانب توجہ ہی نہیں دی، ملک سے بجلی کی کمی دور کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے، خیبر پختون خوا میں داسو ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے جس سے 4 ہزار 320 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیم ہے،گلگت اور خیبر پختون خوا میں بھاشا ڈیم تعمیر کریں گے جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیم ہو گا جس سے 4500 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا موٹر وے منصوبہ جاری رہنے دیا جاتا تو آج پورے ملک میں موٹر وے کا جال بچھ گیا ہوتا اور ہمارا شمار بھی ہانگ کانگ، سنگا پور اور ملائیشیا جیسے ملکوں میں ہوتا، ہم پاکستان کو ایک بار پھر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر دیں گے۔ پاکستان ریلوے کی بحالی کے لئے حکومت اقدامات کررہی یت اس کے علاوہ لاہور سے کراچی تک موٹر وے کا کام بھی جلد شروع ہو جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ملک کی ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا ہے، ہم نے ووٹ دینے والوں کے ساتھ ساتھ دھرنے دینے والوں کی بھی خدمت کرنی ہے، آج ہماری حکومت نے ایک اور انتخابی وعدہ پورا کر دیا ہے، ہم نے بلا امتیاز پوری قوم کی مدد کرنی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں