کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان جاں بحق

شاہین فورس شہریوں کو تحفظ فراہمی میں ناکام


Staff Reporter June 26, 2024
شاہین فورس شہریوں کو تحفظ فراہمی میں ناکام

ڈسٹرکٹ کورنگی غریب نواز اسٹاپ کے قریب پیر کی شب موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی سفاکانہ فائرنگ کا نشانہ بن کر شدید زخمی 34 سالہ ذیشان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔

ایک ہفتے کے دوران ڈسٹرکٹ کورنگی میں 2 افراد ڈاکوؤں کی سفاکانہ فائرنگ کا نشانہ بن کر ابدی نیند سلا دیئے گئے۔

رواں ماہ فعال کی جانے والی شاہین فورس بھی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ 40 موٹر سائیکلوں پر سوار 80 پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ کورنگی کے 25 سے زائد ہاٹ اسپاٹ پر تعینات کیا گیا تھا۔

شہری ذیشان کو فائرنگ کا نشانہ بننے والے ڈاکوؤں کو عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی حالت میں اسلحے سمیت کورنگی پولیس کے حوالے کیا تھا۔ مقتول نوجوان بوتیک پرملازمت کرتا تھا اور چند ماہ بعد شادی طے تھی۔

مقتول کے بھائی منصورعلی نے بتایا کہ ہم دونوں بھائی کام پرسے واپس آنے کے بعد گھر کے باہر بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک 2 ڈکیت آگئے اور موبائل فونز چھین لیے۔ ڈکیتوں نے فائرنگ کرکے بھائی ذیشان کو قتل کردیا۔ میں نے ایک ڈکیت کوپکڑلیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ علاقہ مکینوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

19 جون بروز بدھ عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز کورنگی میں ایل پی جی دکان پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے باپ جاں بحق جبکہ بیٹا زخمی ہوگیا تھا۔ رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 79 ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں