تمباکو کی بڑھتی مانگ خوشاب میں پھلائی اور کاہو کے درخت کاٹنے پر پابندی عائد
بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات بڑھا رہی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب
حکومت پنجاب نے خوشاب میں دفعہ 144 کا فوری نفاذ کرتے ہوئے ''پھلائی'' اور ''کاہو'' کے درخت کاٹنے پر پابندی لگا دی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق تمباکو کی بڑھتی مانگ کے باعث پھلائی اور کاہو کے درختوں کو تیزی سے کاٹا جا رہا تھا، درختوں کی کٹائی سے وادی سون کے ماحولیاتی نظام کو شدید خطرات لاحق ہیں اور بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات بڑھا رہی ہے۔
پابندی کا اطلاق ضلع خوشاب میں پھلائی اور کاہو کے درختوں کی کٹائی اور ضلع سے باہر نقل و حمل پر ہوگا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 15 روز کے لیے ہوگا۔ صوبائی حکومت نے قدرتی ماحول، مقامی آبادی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے فیصلہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر خوشاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کی تھی جس کا نفاذ منگل 9 جولائی تک کیا گیا ہے۔