ریلوے سٹیشن پر ایک کارروائی میں جعلی کرنسی اور منشیات برآمد کرلی گئی۔
پاکستان ریلویز پولیس کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں ریلوے اسٹیشن پشاور کینٹ اور سٹی اسٹیشن پر کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ 6 ہزار روپے کی جعلی پاکستانی کرنسی کے علاوہ آئس اور5 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔
ایس پی پشاور کے مطابق ملزم ارسلان خان کی ایس ایچ او کینٹ جمال عبدالناصر خان نے ریلوے اسٹیشن پر شک کی بنا پر تلاشی لی، جس میں ملزم کے قبضے سے 1 لاکھ 6 ہزار کی جعلی پاکستانی کرنسی اور 10 گرام آئس برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی میں پشاور سٹی اسٹیشن کے مقام پر ملزم سدیس کے قبضے سے 5 کلو چرس برآمد ہوئی۔
ملزمان جعلی کرنسی اور منشیات کو خیبر پختونخوا سے بذریعہ ٹرین پنجاب اسمگل کرنا چاہتے تھے۔ دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کرکے تھانہ ریلویز پولیس پشاور کینٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔