پاکستان اور افغانستان کا دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے پر اتفاق

افغان سلامتی امور کے مشیر ڈاکٹر رنگین داد فر نے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سےملاقات کی

خطے میں امن کیلئے تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے،مذاکرات میں اتفاق،فوٹو:فائل

افغان سلامتی امور کے مشیر ڈاکٹر رنگین دادفر نے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کےمطابق افغان سلامتی امور کے مشیر ڈاکٹر رنگین داد فر نے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سےملاقات کی جس میں پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنانے پر اتفاق اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اہم ملاقات میں سرحد پار سکیورٹی کے لئے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے اور بارڈ سکیورٹی کے لئے متعقلہ اداروں کا اجلاس بھی 3 جولائی کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اس دوران افغان قومی سلامتی کے مشیر نے وزیراعظم نوازشریف کو افغان صدر حامد کرزئی کا خط پہنچایا اور افغان حکومت کی جانب سے سرحد پار پاکستانیوں کے خدشات دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب دفترخارجہ کےمطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز اور سیکریٹری خارجہ نے بھی شرکت کی۔ مذاکرات میں دو طرفہ سکیورٹی تعاون مضبوط کرنے پر غور کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے وفود نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے میں امن کے لئے تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے۔
Load Next Story