ایچ آر سی پی کا کراچی میں شدید گرمی سے ہلاکتوں پر اظہارتشویش

حکومتِ سندھ سے یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ وہ مرنے والوں کے اہلِ خانہ کو معاوضہ ادا کرے، ترجمان


آصف محمود June 26, 2024
پانچ دنوں میں گرمی کی لہر سے جنم لینے والی بیماریوں کے باعث کراچی میں لگ بھگ 568 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات پر تشویش ہے، ترجمان

ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان (‏ایچ آر سی پی) نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے کراچی میں ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایچ آرسی پی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمیشن کو ایدھی فاؤنڈیشن کی اِن اطلاعات پر تشویش ہے کہ صرف پچھلے پانچ دنوں میں گرمی کی لہر سے جنم لینے والی بیماریوں کے باعث کراچی میں لگ بھگ 568 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شدید موسمیاتی واقعات کے تواتر اور ان کے وسیع تر اثرات نے یہ حقیقت واضح کر دی ہے کہ پاکستان اب موسمیاتی بحران کو مستقبل بعید کا مسئلہ تصور کر کے اِسے مزید نظرانداز کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کو اِس صورت حال کا فوری نوٹس لینا ہو گا اور مستقبل میں ایسی اموات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

اس حوالے سے سڑک کنارے خیموں، سایہ دار ٹھنڈے مقامات اور لوگوں کے لیے پینے کے پانی کی فراہمی کا بندوبست بھی کیا جائے۔ مقامی اسپتالوں، کلینک اور فلاحی اداروں کو بھی شدید گرمی کی لہر سے متاثر ہونے والے لوگوں، خاص طور پر دیہاڑی دار مزدوروں کے داخلے اور علاج کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

ترجمان ایچ آر سی پی کے مطابق ہم حکومتِ سندھ سے یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ وہ مرنے والوں کے اہلِ خانہ کو معاوضہ ادا کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں