فیفا نے یوروگوائے کے فٹ بالر لوئس سواریز پر 9 میچوں کی پابندی لگادی

لوئس سواریز 9 میچوں کی پابندی کے ساتھ ساتھ اگلے 4 ماہ تک فٹبال کی کسی بھی طرح کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے، فیفا

لوئس سواریز نے مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو کاٹ کر فیفا قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی، ڈسپلنری کمیٹی فوٹو: فائل

فیفا نے یوروگوائے کے اہم اسٹرائیکر لوئس سواریز پر مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو کاٹنے پر 9 میچوں اور کسی بھی طرح کی فٹبال سرگرمی میں حصہ لینے پر 4 ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 24 جون کو یوروگوائے کے اٹلی سے مقابلے کے دوران لوئس سواریز کے مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو کاٹنے پر فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کمیٹی اراکین نے شواہد دیکھنے کے بعد فیصلہ کیا کہ یوروگوائے کے لوئس سواریز نے جان بوجھ کر مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو دانتوں سے کاٹ کر فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی کی جس کے باعث ان پر 9 میچوں کی پابندی عائد کی جاتی ہے جس کا اطلاق فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں یوروگوائے کے کولمبیا سے 28 جون کو ہونے والے مقابلے سے ہوگا۔


اجلاس کے دوران کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ لوئس سواریز اگلے 4 ماہ تک فٹبال کی کسی بھی طرح کی سرگرمی میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے جبکہ انہیں اس حرکت کے خلاف ایک لاکھ سوئس فرینک کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

دوسری جانب فیفا کی ترجمان ڈیلیا فشر کا کہنا ہے کہ فٹبال میچ کے دوران کسی بھی کھلاڑی کے اس طرح کے رویے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا اور لوئس سواریز پر پابندی کا فوری اطلاق ہوگا۔
Load Next Story