سیمی فائنل سے قبل افغانستان کے کپتان راشد خان کیلئے بری خبر

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 دبئی: جنوبی افریقا کیخلاف سیمی فائنل سے قبل افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کیلئے بری خبر سامنے آگئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افغانستان کے کپتان راشد خان کو بنگلادیش کیخلاف سپر ایٹ راؤنڈ کے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے دیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ راشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں سرزنش کے ساتھ ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے جس کے لیے یہ 24 ماہ کے عرصے میں یہ انکا پہلا جرم تھا۔

راشد خان آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جس کا تعلق کسی کھلاڑی کے پاس یا اس کے قریب نامناسب یا خطرناک انداز میں گیند یا کرکٹ کا کوئی سامان پھینکنے سے ہے۔

یاد رہے کہ بنگلادیش کیخلاف میچ میں افغانستان کی اننگز کے آخری اوور میں راشد خان کی جانب سے کھیلے گئے ایک شاٹ پر ان کے بیٹنگ پارٹنر کریم جنت نے دوسرا رن لینے سے انکار کردیا تھا جس پر راشد خان نے غصے میں اپنا بیٹ انکی طرف زمین پر پھینک دیا تھا۔

راشد خان نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے ریفریز ایلیٹ پینل کے رچی رچرڈسن کی تجویز کردہ سزا کو قبول کر لیا۔ واضح رہے کہ لیول 1 کی خلاف ورزی پر کم سے کم سزا آفیشل سرزنش، کھلاڑی کی میچ فیس کا زیادہ سے زیادہ 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس ہوتے ہیں۔

افغانستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ جمعرات کو صبح 5.30 بجے میں پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔